امیرجماعت اسلامی کا ٹی ایل پی معاملے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ لاہور میں پیدا شدہ صورتحال ،جو لال مسجد کے واقعہ سے مماثلت رکھتی ہے کہ فوری بعد انہوں نے وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیر دفاعپروز خٹک سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں عوام کے جذبات سے آگاہ کیا اور رمضان کے مبارک مہینہ میں تشدد اور خونریزی کو بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اس امر پر حیرانی کا اظہار کیا کہ حرمت رسول ﷺکے تحفظ کے لیے نکلنے والوں کے خلاف حکومت کس ایما پر اور کن کو خوش کرنے کے لیے گولیاں چلوا رہی ہے۔
حکومت نے خود سیاسی جماعت سے معاہدہ کیا جس میں بیس اپریل تک فرانس سے تعلقات منقطع کرنے کا وعدہ کیا مگر اب وعدہ کی یاد دہانی پر لوگوں کے خلاف ظالمانہ تشدد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وعدوں کی پاسداری کرے اور مسلمانان پاکستان کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائے۔ حکومت معاہدہ کو وعدہ کے مطابق اسمبلی میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی پاسداری کے لیے حکومت اس حد تک نہ جائے کہ اپنے ہی لوگوں پر تشدد پر اتر آئے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ معاملہ کو افہام تفہیم سے حل کرے۔ چند جذباتی نوجوانوں کی جانب سے جلاوٴ گھیراوٴ کے عمل کی حمایت نہیں کی جاسکتی مگر اس کی آڑ میں ان پر گولیاں چلانا اور اسے ریاست پر حملہ قرار دے کر انا کا مسئلہ بنانا درست اقدام نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابولخیر زبیر ، مفتی منیب الرحمن اور دیگر علما سے رابطے کیے ہیں اور اس سلسلہ میں علما ء کا ایک اجلاس پیر کو منصورہ میں بلایا ہے تاکہ افہام و تفہیم سے مسئلہ کا حل نکالا جائے۔
امیر جماعت نے کہا کہ جس طرح مغرب کی طرف سے حرمت رسول ﷺپر سوچے سمجھے منصوبہ کے ذریعے اشتعال انگیز حملے ہورہے ہیں اور فرانس میں تو اس عمل کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے ، مسلمانوں کے جذبات سمجھ سے بالاتر نہیں۔ نبی رحمت ﷺکی ہستی تمام مسلمانوں کے لیے ان کی جان مال، والدین، اولاد سے زیادہ عزیز ہے ان کی گستاخی کسی صورت قبول نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنے میں کوئی ہرج نہیں تاکہ پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو تسکین مل سکے۔
No comments