وزیراعظم کی جانب سے کرکٹ ٹیم
میں تبدیلیوں کا اعلان، سرفراز احمد کے دور کپتانی کا اختتام یقینی
پی سی بی کی جانب سے آئندہ
ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے 4 سالہ منصوبہ بندی کی جائے گی، اسی باعث قومی ٹیم کے
موجودہ کپتان کیلئے اپنا عہدہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا
وزیراعظم کی جانب سے کرکٹ ٹیم
میں تبدیلیوں کا اعلان، سرفراز احمد کے دور کپتانی کا اختتام یقینی، پی سی بی کی
جانب سے آئندہ ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے 4 سالہ منصوبہ بندی کی جائے گی، اسی
باعث قومی ٹیم کے موجودہ کپتان کیلئے اپنا عہدہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا۔ تفصیلات
کے مطابق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سرفراز احمد کیلئے اپنی کپتانی بچانا بہت مشکل ہو گیا
ہے۔
خاص کر وزیراعظم عمران خان
کے امریکا میں قومی ٹیم کی نئے سرے سے تشکیل کے اعلان کے بعد سرفراز احمد کے دور
کپتانی کے اختتام کے واضح امکانات نظر آ رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جیسے انگلینڈ نے
2015 کے ورلڈکپ کے فوری بعد اپنی ٹیم میں انقلابی تبدیلیاں لائیں، اور اگلے 4 سال
تک نئے کھلاڑیوں کی ٹیم کو برقرار رکھا، اسی طرز پر پاکستان کرکٹ بورڈ بھی پاکستانی
ٹیم میں تبدیلیاں کرنے پر غور کر رہا ہے۔
قوی امکان ہے کہ قومی ٹیم کی
کپتانی ایک نوجوان کھلاڑی کے سپرد کی جائے گی، اور وہ کھلاڑی اگلے ورلڈکپ تک قومی
ٹیم کا کپتان برقرار رہے گا۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی
کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔ پی سی بی کے منیجنگ
ڈائریکٹر وسیم خان کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم
اکرم، مصباح الحق، عروج ممتاز، ذاکر خان ( ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور سیکرٹری کمیٹی)،
مدثر نذر(ڈائریکٹر اکیڈمیز)اور ہارون رشید ( ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ)اجلاس میں شرکت
کریں گے۔
کرکٹ کمیٹی ایک ایڈوائزری پینل
ہے جس کی ذمہ داری سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوانا ہے۔قومی مینز
اور ویمنز کے ساتھ ساتھ انڈر 19 اور انڈر 16 کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کی روشنی میں
سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوانا اجلاس کے ایجنڈے میں شامل
ہے۔انضمام الحق، مکی آرتھر اور سرفراز احمد کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وسیم اکرم ویڈیو لنک کے ذریعے
اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ دیگر تمام اراکین اجلاس میں شرکت کے لیے نیشنل کرکٹ
اکیڈمی لاہور پہنچیں گے۔اجلاس کے آغاز کا وقت آئندہ چند روز میں بتادیا جائے
گا۔اجلاس کے بعد کوئی پریس کانفرنس نہیں کی جائے گی -،کمیٹی چیئرمین پی سی بی کو
سفارشات بھجوائے گی۔
|
No comments